قومی اسمبلی نے 40 وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں کے 8883 ارب روپے سے زائد مالیت کے 133 مطالبات زر منظوری دیدی

جمعرات 27 جون 2024 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2024ء) قومی اسمبلی نے 40 وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں کے 8883 ارب روپے سے زائد مالیت کے 133 مطالبات زر منظوری دیدی۔ سات وزارتوں اور ڈویژنوں کے مطالبات زر پر اپوزیشن کی کٹوتی کی تمام تحاریک ووٹنگ کے ذریعے مسترد کر دی گئیں،قومی اسمبلی وفاقی بجٹ کی حتمی منظوری (آج )جمعہ کو دے گی ۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے مطالبات زر کی منظوری دی گئی۔

قومی اسمبلی نے دو روز کے دوران 6165 ارب روپے سے زائد کے 103 مطالبات زر کٹوتی کی تحاریک کے بغیر منظور کیں جبکہ سات وزارتوں و ڈویژنز کے 2860 ارب روپے سے زائد کے 30 مطالبات زر پر کٹوتی کی تحاریک مسترد کی گئیں۔ قومی اسمبلی نے خارجہ امور ڈویژن کے 51 ارب 86 کروڑ روپے سے زائد کے دو مطالبات زر پر اپوزیشن کی کٹوتی کی 27 تحاریک، وزارت داخلہ کے 56 ارب 63 کروڑ 73 لاکھ روپے سے زائد کے پانچ مطالبات زر پر کٹوتی کی 107 تحاریک مسترد کیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے لئے 20 ارب 41 کروڑ روپے، نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی کے لئے ایک ارب روپے سے زائد کا مطالبہ زر منظور کیا گیا۔ غذائی تحفظ ڈویژن کے دو مطالبات زر پر اپوزیشن کی 46 کٹوتی کی تحاریک مسترد کرتے ہوئے ایوان نے 21 ارب 19 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مطالبات منظور کیے۔ قانون و انصاف ڈویژن کے تین مطالبات زر پر اپوزیشن کی 26 تحاریک مسترد کرتے ہوئے ایوان نے 15 ارب 62 کروڑ روپے سے زائد کے مطالبات منظور کر لئے۔

گزشتہ روز وزارت دفاع کے 2149 ارب 82 کروڑ روپے، انٹیلی جنس بیورو کیلئے 18 ارب 32 کروڑ روپے، دفاعی پیداوار ڈویژن کے 4 ارب 87 کروڑ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام 598 ارب 71 کروڑ روپے، آبی وسائل ڈویژن کے 263 ارب 48 کروڑ روپے، اقتصادی امور ڈویژن کے 30 ارب 68 کروڑ روپے، وفاقی تعلیم ڈویژن کے 198 ارب 55 کروڑ 26 لاکھ روپے سے زائد کے مطالبات زر منظور کیے گئے۔

وزارت قومی صحت کے 54 ارب 86 کروڑ روپے، ریلوے ڈویژن کے 109 ارب 43 کروڑ روپے، اسلام آباد کی ضلعی عدالتوں کے لیے ایک ارب 36 کروڑ روپے، ہوا بازی ڈویژن کے 26 ارب 17 کروڑ، موسمیاتی تبدیلی کے 7 ارب 26 کروڑ سے زائد کے مطالبات زر منظور کیے گئے۔ وزارت تجارت کے 22 ارب 73 کروڑ، مواصلات ڈویژن کے 65 ارب 31 کروڑ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈویژن کے 69 ارب 5 کروڑ، ہاؤسنگ و تعمیرات ڈویژن کے 36 ارب 74 کروڑ روپے سے زائد کے مطالبات زر منظور کیے گئے۔ اطلاعات و نشریات ڈویژن کے 17 ارب 91 کروڑ، بحری امور ڈویژن کے 7 ارب 45 کروڑ، انسداد منشیات ڈویژن کے 7 ارب 77 کروڑ، منصوبہ بندی اور ترقی ڈویژن کے 73 ارب 45 کروڑ روپے سے زائد کے مطالبات زر منظور کئے گئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں