بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک کی غریب خواتین کیلئے ایک امید کی کرن ہے ، سینیٹر روبینہ خالد

بدھ 3 جولائی 2024 23:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2024ء) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک کی غریب خواتین کیلئے ایک امید کی کرن ہے جس نے انہیں معاشی طور پر بااختیار بناتے ہوئے ایک منفرد شناخت فراہم کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وی نیوز کے زیر اہتمام میڈیا ٹاک کے دوران سینئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔

روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بارے میں یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ اس سے عوام کو بھکاری بنایا جارہا ہے جبکہ پوری دنیا میں غریب افراد کی فلاح و بہبود کیلئے سماجی تحفظ کے متعدد پروگرام موجود ہیں، یہ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواتین کی بااختیاری کے وژن کی عکاسی کرتا ہے، ماضی میں اس پروگرام کا نام تبدیل کرنے کی ناکام کوششیں کی گئی اور یہ عمل بدترین منفی سوچ کی نشاندہی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق خواتین یا ان کے گھرانوں کے خواہشمند افراد کو بہتر زندگی کی فراہمی اور غربت سے باہر نکالنے کیلئےفنی مہارت کی تربیت کیلئے نیوٹیک کے اشتراک سے نئے اقدام کا آغاز کررہا ہے تاکہ یہ افراد ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرسکیں۔ مستحق خواتین کی رقوم سے کٹوتی کی شکایات پر گفتگو کرتے ہوئے روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ادائیگی کا نیا نظام متعارف کرارہا ہے جس کے تحت 6 بینکوں کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں تاکہ امدادی رقوم کی ادائیگی میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔

اس حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ اس مرتبہ کفالت وظائف کی تقسیم ادائیگی مراکز کے ذریعے کی جارہی ہے اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے اپنے عملے کو ان ادائیگی مراکز تعینات کیا تا کہ مستحق خواتین میں امدادی رقوم کی تقسیم کے عمل کی باقاعدہ نگرانی کی جاسکے اور مستحق خواتین کو درپیش مسائل کا بروقت ازالہ ہوسکے۔روبینہ خالد نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات ہیں کہ حق دار کو اس کا حق پورا اور عزت سے ملے ۔

اس حوالے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سٹیٹ بینک آف پاکستان کیساتھ مشاورت کررہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تمام مستحق خواتین کے بینک اکاؤنٹس کھولے جائیں تاکہ ان کو مقررہ وظائف ان کی عزت نفس مجروح کئے بغیر پورے موصول ہوں۔انہوں نے کہا کہ دھوکہ باز عناصر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام پر معصوم خواتین کو لوٹ رہے ہیں ، اس حوالے سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اشتراک سے ڈیجیٹل سلوشن پر کام کررہا ہے تاکہ دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کا سد باب کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا 8171 بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا واحد سرکاری نمبر اس کے علاوہ کسی دوسرے نمبر پر بھروسہ نہ کیا جائے اور کسی بھی قسم کی شکایت کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ہیلپ لائن نمبر 080026477 پر رابطہ کریں۔ روبینہ خالد نے صحافیوں کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے غیر مشروط مالی معاونت کے پروگرام بینظیر کفالت اور مشروط مالی معاونت کے پروگراموں بینظیر تعلیمی وظائف اور بینظیر نشوونما کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

تقریب کے اختتام پر صحافیوں کے سوال وجواب کے سیشن کا انعقاد بھی کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں روبینہ خالد نے بتایا کہ یہ پروگرام اس وقت معاشرے کے غریب ترین93 لاکھ سے زائد خاندانوں کی کفالت کررہا جن کی شناخت ایک سائنسی طریقہ کار کے تحت کی گئی ہے جس میں کسی انسانی مداخلت کی گنجائش نہیں ہے۔ ہر تین سال بعد منتخب شدہ گھرانوں کا دوبارہ سروے کیا جاتا ہے جس کی بنیاد پر ان کی معاشی صورتحال کا اندازہ لگایا جاتا ہے اس طرح سے بہتر معاشی حالات والےگھرانوں کو پروگرام سے خارج اور مزید مستحق گھرانوں کو پروگرام میں شامل کیا جاتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں روبینہ خالد نے کہا کہ ہماری توجہ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کی جانب مرکوز ہے تاکہ تربیت یافتہ افراد کو نہ صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملک بھی ملازمت کی غرض سے بھیجا جا سکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں