وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ اور قازقستان کے سفیر یرژان کستافین کی ملاقات، باہمی دلچسپی و تعاون کے دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعرات 4 جولائی 2024 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2024ء) وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ اور قازقستان کے سفیر یرژان کستافین کی ملاقات ہوئی ۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ ندیم ارشاد کیانی بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان باہمی دلچسپی و تعاون کے دو طرفہ امور زیر بحث رہے۔

کھیل، سیاحت، علاقائی رابطہ اور ثقافت کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ جن کے پاس بین الصوبائی رابطہ کا بھی قلم دان ہے ،نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں قازقستان کی حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہیں ۔ سیاحت اور کھیلوں کے شعبے میں تعاون سے پاکستان اور قازقستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں ممکنہ مفاہمت کی یادداشت پر کام کیا جا رہا ہے، سپورٹس اور کھیلوں کے شعبے میں تعاون کے تحت دونوں ممالک کے ایکسپرٹس کے درمیان جلد ہی آنلائن میٹنگ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ قازقستان کے سفیر یرژان کستافین نے پرتپاک مہمان نوازی پر وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی مختلف سپورٹس فیڈریشنز ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہی ہیں۔

سپورٹس فیڈریشنز کے مابین رابطہ دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔تمام بڑی پاکستانی لاجسٹک کمپنیاں قازقستان میں دفاتر قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔پاکستانی لاجسٹک کمپنیز کے نمائندے اس مقصد کے لیے قازقستان کا دورہ کر چکے ہیں۔دوطرفہ سیاحت سے پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں