تمام سٹیک ہولڈرز کھیلوں کی ترقی اور فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کا رسجا کے زیراہتمام تقریب سے خطاب

منگل 2 جولائی 2024 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2024ء) وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے تمام سٹیک ہولڈرز پر زور دیا ہے کہ وہ کھیلوں کی ترقی اور فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن (رسجا) کی جانب سے یہاں ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ انٹرنیشنل سپورٹس جرنلسٹس ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ جو کہ بین الصوبائی رابطے کی وزارت کا قلمدان بھی رکھتے ہیں، نے کھیلوں میں پاکستان کی ناقص کارکردگی اور اولمپکس جیسے بڑے ایونٹ کے لیے کھلاڑیوں کا بہت قلیل تعداد میں کوالیفائی کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔

اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کو بہتر بنانے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ 25 کروڑ کی آبادی کے ساتھ صرف چار کھلاڑی ہی کوالیفائی کر پائے ہیں جو کہ افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے صحافیوں کا فیڈریشنز کی کارکردگی پر نظر رکھنے اور ان کے اعمال کا جوابدہ بنانے میں اہم کردار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے صحافیوں کا کام صرف میچز کور کرنا نہیں بلکہ فیڈریشنز کی کارکردگی کو مانیٹر کرنا بھی ہے۔

انہوں نے کھیلوں کے سٹیک ہولڈرز اور کھیلوں کی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پاکستان میں کھیلوں کے منظر نامے کو بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک میرے پاس یہ ذمہ داری ہے رسجا اور دیگر کھیلوں کی تنظیمیں میرے پاس آسکتی ہیں اور مجھے بلاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ آئندہ پاکستان کی اولمپکس میں نمائندگی کو بہتر بنایا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں