کے الیکٹرک کے مظالم کے خلاف اٹھنے پر لیاری والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، ایازمیمن

جمعرات 27 جون 2024 18:17

کے الیکٹرک کے مظالم کے خلاف اٹھنے پر لیاری والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، ایازمیمن
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2024ء) آل کراچی تاجر الائنس وعام آدمی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایاز میمن موتی والا نے لیاری میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور کے الیکٹرک کے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے پر لیاری کی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیاری کی عوام نے کے الیکٹرک کے مظالم کے خلاف آواز اٹھائی اور کے الیکٹر ک کے ظلم سے نجات حاصل کرنے اور اپنے حق کے لیئے باہر آئے ہیں ، کراچی میں کے الیکٹر ک کے مظالم بڑہتے ہی جارہے ہیں،ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، ایازمیمن موتی والا نے کہا کہ لیاری کی عوام نے اپنی بیروزگاری اور غربت میں نیازی چوک، چاکیواڑہ، آگرہ تا ج، بہار، کھڈا مارکیٹ، علی ہوٹل، باکڑا ہوٹل سمیت ہارٹ چوک سے جس انداز میں آواز بلند کی ہے وہ قابل تعریف ہے، کے الیکٹر ک کے مظالم سے نجات کے لیئے ہر پر امن احتجاج کی حمایت کا اعلان کرتا ہوں، لیاری کراچی کا قدیم ترین علاقہ ہے لیاری کی غیور عوام نے آج کراچی کی پوری عوام کو پیغام دیا ہے کہ ہم سب متحد ہو کر ہی مظالم اور مسائل سے نجات حاصل کرسکتے ہیں، عوامی طاقت سے بڑھ کر کوئی طاقت نہیں ہوتی ، کے الیکٹرک نے ہمارے بچوں کے مستقبل کو داو پر لگا دیا ہے مسلسل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہمارے بچے ذہنی مریض بنتے جارہے ہیں، جب ہمارے بچے ذہنی طور پر صحت مند نہیںہوں گے تو وہ کیسے ملکی بقاو سلامتی اور ریاست مضبوطی اور بہتری کے لیے اپنا کردار کیسے ادا کریں گے، انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے کراچی کے شہریوں پر مظالم کی انتہاکردی ہے ظلم کاد ورانیہ طویل ضرور ہوسکتا ہے لیکن جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے اور ایسا مٹتا ہے کہ اس کا نا م ونشان تک باقی نہیں رہتا، کے الیکٹر ک کے مظالم سے نجات کے لیئے کراچی کے شہریوں کو متحد ہونا ہوگا اور کے الیکٹرک والوں کا قبلہ درست کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ کراچی میں بجلی کے بل پورے پاکستان میں سب سے زیادہ ہیں بجلی کا ایک یونٹ جوپاکستان کے دیگر صوبوں اور شہروں میں تیس روپے تک ہوتا ہے وہ کراچی میں ساٹھ روپے سے بھی زیادہ میں جا کر پڑتا ہے، اس کے علاوہ نہ جانے کون کون سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز لگا کر کراچی کی عوام کو لوٹا جارہا ہے، سو یونٹ کا بل بھی کئی ہزاروں میں دیا جارہا ہے اور اگر کوئی غریب انسان بجلی کا بل ادا نہ کرسکے تو کے الیکٹرک کا عملہ اس کے ساتھ بدتمیزی بھی کرتا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں