بزنس فیسیلیٹیشن سنٹرز کا قیام تاجر دوست پالیسی کی عکاسی کرتا ہے، خواجہ شاہ زیب اکرم

بدھ 19 جون 2024 17:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2024ء) ممبر سارک چیمبر اور سابق سینئر نائب صدر فیڈرل چیمبر خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹرز کا قیام تاجر دوست پالیسی کا بھرپور عکاس ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف صوبے بھر میں نئی سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔ کاروباری سہولت مراکز کا قیام بھی اس سلسلے کی ایک کامیاب کڑی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ کی کاوشوں کو بے حد سراہا جو وزیر اعلی پنجاب کی تاجر دوست پالیسی کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تاجر برادری کی سہولت کے لیے مختلف وفاقی اور صوبائی محکموں کو ایک چھت تلے اکٹھا کیا ہے۔

اس وقت لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں کاروباری سہولت کاری کے مراکز بہتر کام کر رہے ہیں اور نتیجہ خیز نتائج دے رہے ہیں۔ آئندہ مالی سال سے گجرات، ساہیوال، بہاولپور میں نئے کاروباری سہولت مراکز کے قیام سے پنجاب میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی چھت تلے صوبائی اور وفاقی محکموں کی خدمات سرمایہ کاروں کے لیے بہت بڑا ریلیف ہے کیونکہ اس سے ان کے سرمائے اور وقت کی بچت ہونے کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کے خاتمے میں بھی مدد مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ون ونڈو آپریشن کی سہولت سے کاروباری عمل میں آسانی ہوگی اور صوبے میں سرمائے کے پھیلا میں مزید بہتری آئے گی۔ ون ونڈو آپریشن نہ صرف غیر ملکیوں کو سرمایہ کاری کی ترغیب دے گا بلکہ مقامی تاجروں کو بھی نئے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں