iکراچی میں سمندری ہوائیں بحال تاہم گرمی کم نہیں ہوسکی

اتوار 23 جون 2024 20:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2024ء) کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہو گئی ہیں تاہم گرمی کم نہیں ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ گرمی کی شدت 46 ڈگری کی محسوس کی جا رہی ہے۔دوسری جانب ملیر میں نصب نجی ویدر اسٹیشن میں گرمی کی شدت 52 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوئی ہے۔شہر میں سمندری ہوائیں 27 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 40 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے، آئندہ 3 روز کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 3 روز موسم گرم اور مرطوب رہے گا، دن میں شمال مغرب سے گرم ہوائیں چلتی رہیں گی، شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر مقامات پرکل سے موسم مزید گرم ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ، شکار پور اور دیگر اضلاع میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں