غربت کے خاتمے کے لیئے آصفہ بھٹو کی تجاویز عام آدمی کے دل کی آوازہے، جمیل ضیاء

پیر 24 جون 2024 21:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2024ء) پیپلز پارٹی پی ایس95کے صدر و ٹاون چیئرمین اورنگی حاجی جمیل ضیا نے رکن قومی اسمبلی محترمہ بی بی آصفہ بھٹو کے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کی تائید کرتے ہوئے آصفہ بھٹوکے بیان کو عام آدمی کی آواز قراردیدیا، حاجی جمیل ضیا نے کہا کہ عام آدمی دو وقت کی روٹی کے لیے مجبورہے اب وقت آچکاہے کہ حکومت عوام کے دکھوں کامداوا کرے، آج پاکستان میں غریب مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گیا ہے،ہوشربا مہنگائی کا طوفان برپا ہے، ان خیالات کااظہارانہوںنے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، حاجی جمیل ضیا نے کہا کہ بجلی اور گیس کے بل عوام پر قیامت ڈھا رہے ہیں غربت کے خاتمے کے لیے آصفہ بھٹو نے جو ترجیحات پیش کی ہیں وہ غریب آدمی کے دل کی آواز ہے پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کی ہے اور اب بھی ایوانوں کے اندر اور باہر اپنا جمہوری فریضہ سرانجام دے رہی ہے وفاقی حکومت بچت،کفایت شعاری اورسادگی کو فروغ دے بجٹ کی ترجیحات میں کسان اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا چاہئے تھا، انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کے لیئے اقدامات کرنے ہوں گے ،ہمیں کسانوں کو مضبوط کرنا ہوگا، بدقسمتی سے سندھ سمیت پورے پاکستان میں کسان کو کبھی سیلاب اور کبھی گندم درآمد کرنے کا مسئلہ ہے، ہمیں ملک کے غریب سے غریب شہری کو بھی سہولیات فراہم کرنا ہوں گی، ہمیں پاکستان اور قوم کی خوشحالی کیلئے کام کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات سے نمٹنے کے لیئے عوام دوست پالیسیاں وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہیں ، پاکستان کا ہرشہری حکومت سے ریلیف کی توقع کررہا ہے اگر حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ایسے اقدامات کریگی جس سے عام آدمی مشکلات کا شکار ہوجائے تو اس کی نتائج نہایت ہی بھیانک آئیں گے ، پیپلز پارٹی کسی ایسی اقدام کی حوصلہ افزائی نہیں کرتی جس سے لوگوںکو مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑے یا عام آدمی کی پریشانیاں بڑھنے کا خدشہ ہو ،ا نہوں نے کہا کہ ہم عوامی مسائل کے حل اور لوگوں کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ وفاقی بجٹ میںعوام کے لیئے سبسڈی اور دیگر فلاحی منصوبوں کا اعلان کرے جس سے عوام کا حکومت پر بھروسہ اور اعتماد مضبوط ہو اور لوگ خوشحال ہوسکیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں