ہمیں تعلیمی اداروں اور دیگر نظام کو بہتر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، نسرین جلیل

منگل 25 جون 2024 23:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2024ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان شعبہ خواتین کے زیر اہتمام تنظیم نو کا اجلاس مرکز بہادر آباد سے متصل پارک میں منعقد کیا گیا۔اجلاس میں سینئر رہنما نسرین جلیل ، کشور زہرہ ، نائلہ لطیف ، بلقیس، منگلہ شرما و دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر نسرین جلیل نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں موجود تمام ذمہ داران مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنے گھریلو کام کے ساتھ اس قوم کیلئے ہر دور میں جدوجہد کی، خواتین ونگ کی کارکنان کو بہت محنت کرنی ہے اور بلا رنگ و نسل و مذہب خواتین اور تعلیم کیلئے ایسے کام کرنے ہیں کہ جیسے پہلے کئے جاتے تھے ، ہمیں اپنے علاقوں کے تعلیمی اداروں کو بہتر کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ہمارا مستقبل روشن ہو سکے ، ہم اور آپ اس قوم کی معمار اور ایم کیو ایم پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہیں ،ہمیں موجودہ دور کو مد نظر رکھتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو سیکھنا ہے اور اسے استعمال کرتے ہوئے اپنے کام کو آسان کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کشور زہرہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انچارج سکندر خاتون کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ انہوں نے اس وقت اس شعبے کی ذمہ داری سنبھالی کہ جس وقت ایم کیو ایم پاکستان بہت مشکلات میں تھی لیکن اس مشکل کے باوجود انہوں نے بخوبی اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ماضی میں گھریلو خواتین کو جمع کیا اور پڑھو اور بڑھو کے نام سے موجودہ دور کے مطابق کورسز کروائے اور انہیں تعلیم دینا شروع کی جس میں خواتین نے بھرپور جذبہ کے ساتھ حصہ لیا اور اس سے صلاحیت حاصل کی اور اب ہم اس طرح کا دوسرا پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں جس میں آپ سب کو ہمارا ساتھ دینا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں