اقوام متحدہ،او آئی سی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اپنے دفاتر بند کر دیں،ثروت اعجاز قادری

جمعرات 27 جون 2024 19:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2024ء) غزہ میں اسرائیلی بمباری اور زمینی حملوں میں ہزاروں فلسطینی شہید اور لاکھوں زخمی ہو چکے ہیں۔اقوام متحدہ،او آئی سی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں جب اسرائیل سے فلسطینیوں کو انصاف نہیں دلوا سکتی تو پھر اپنے دفاتر بند کر دیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر انجینیئر محمد ثروت اعجاز قادری نے پاکستان سنی تحریک کی جانب سے لگائے جانے والے ہیٹ ویو ریلیف کیمپوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دنیا بھر میں موسمی تبدیلی کی وجہ سے اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔یہ سب ہمارے اعمال اور دنیا سے دل لگانے کی وجہ ہے۔اس وقت تمام اسلام دشمن عناصر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام دشمن عناصر عالم اسلام کو دیوار سے لگانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔یہ عناصر آہستہ آہستہ مسلمانوں پر غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسلامی ممالک فلسطینیوں پر اسرائیل کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم سے عبرت حاصل کریں۔اسرائیل جب چاہتا ہے جہاں چاہتا ہے فلسطینیوں پر جلاد بن کر کھڑا ہو جاتا ہے۔ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل روزانہ مظلوم فلسطینیوں کو زخمی اور شہید کر رہا ہے۔کیا مسلمانوں کا خون اتنا سستا ہو گیا ہے کہ اسرائیل جب چاہتا ہے فلسطینیوں کے پناہ گزیر کیمپ ہو یا اسپتال سب پر بمباری کر دیتا ہے۔

ایسا لگتا ہے کہ اسلامی ممالک بھی اسرائیل سے خوفزدہ ہیں۔اسرائیل کو روکنا تو دور کی بات اس کے خلاف بات کرنے سے بھی ڈرتے ہیں۔قیامت اب نزدیک ہے اور توبہ کے دروازے بھی بند ہونے والے ہیں ہم سب کو چاہیے کہ اسلام کی سربلندی اور مظلوم کو ظالم سے انصاف دلانے کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔جب کفار منظم ہو کر ہم پر حاوی ہونے کی کوشش کر سکتے ہیں تو ہم کیوں ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر سیسہ پلائی دیوار کی طرح ان کے سامنے کھڑے نہیں ہو سکتے۔

ہماری اسلامی تعلیمات میں تو یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کسی غیر مسلم پر تمہارے سامنے ظلم ہو تو اس کو روکو مگر یہاں تو مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے اور ہم خواب و خرگوش کی نیند سے بیدار ہی نہیں ہو رہے ہیں۔تمام مسلم ممالک یہ جان لیں آج فلسطین،کشمیر اور چیچینیا کی باری ہے تو کل ان کا بھی نمبر آ سکتا ہے۔کفار مسلمانوں کی نسل کشی کر رہے ہیں۔ہماری نسلوں میں بے حیائی کو فروغ دینے کے لیے طرح طرح کے حربے استعمال کر رہے ہیں۔مسلمان جو اپنی عزت غیرت کے لیے مر مٹنے کو تیار ہوتا تھا آج دنیاوی چمک دمک کے سامنے اپنی عزت غیرت کو نیلام ہوتا ہوا دیکھ رہا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں