پاکستان اعلی معیار کا ہاتھ سے کندہ فرنیچر عالمی منڈیوں میں برآمد کر کے بھاری زرمبادلہ کما سکتا ہے، میاں کاشف اشفاق

بدھ 19 جون 2024 17:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2024ء) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پاکستان اعلی معیار کا ہاتھ سے کندہ فرنیچر عالمی منڈیوں میں برآمد کر کے بھاری زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ بدھ کو یہاں میاں فریاد احمد رضا آرائیں کی قیادت میں برآمد کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی بھرپور ثقافتی دستکاری اور جدید ڈیزائنوں کو ہم آہنگ کر کے انتہائی معیاری فرنیچر کو بین الاقوامی منڈیوں میں پیش کرکے مسابقت کی بہترین پوزیشن میں ہے۔

پاکستان کا ہاتھ سے کندہ فرنیچر اپنے پیچیدہ ڈیزائن اور اعلی معیار کی وجہ سے خاص طور پر یورپ، شمالی امریکہ اور مشرق وسطی جیسی بڑی مارکیٹوں میں بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم روایتی دستکاری اور معیار پر توجہ مرکوز کر کے دنیا بھر میں نفیس اور بلند قیمت فرنیچرکے خواہشمند خریداروں کو راغب کرسکتے ہیں۔ انہوں نے برآمدات میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے پالیسی اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے حکومتی اقدامات کی اشد ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹنگ کی جدید اور اعلی حکمت عملی، بین الاقوامی تجارتی میلوں میں شرکت اور عالمی ریٹیل کمپنیوں کے ساتھ اسٹریٹجک الائنس کر کے برآمدات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ ہنر مند افرادی قوت اور جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کر کے فرنیچر کی عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی مسابقت میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر سیکٹر اپنی منفرد کاریگری اور پیداواری صلاحیت کو بہتر بنا کر قیمتی زرمبادلہ کمانے کے ساتھ ساتھ مجموعی اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں