ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ساہیوال واقعے کی جوڈیشل انکوائری کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا

پورے پنجاب میں حکومت کی جانب سے غیر قانونی اقدامات پر ینگ ڈاکٹرز تحفظات کا شکار ہیں‘ محکمہ صحت کی جانب سے کیے گئے اقدامات غیر قانونی قرار دیے جائیں،درخواست کے حتمی فیصلے تک پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کو ختم کرنے کا حکم معطل کیا جائے اور ڈاکٹرز کی ایڈہاک شپ ختم کرنے کا اقدام بھی کا لعدم قرار دیا جائے.درخواست کے مندرجات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 27 جون 2024 14:29

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ساہیوال واقعے کی جوڈیشل انکوائری کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 جون۔2024 ) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) نے ساہیوال واقعے کی جوڈیشل انکوائری کروانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا جب کہ عدالت نے درخواست میں ترمیم کی اجازت دیتے ہوئے سماعت کے لیے منظو رکرلی ہے. صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر شبیر نیازی نے ایڈوکیٹ نوشاب خان کی وساطت سے درخواست دائر کی،درخواست میں حکومت پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی.

(جاری ہے)

دائر درخواست پر سماعت کے دوران وکیل وائے ڈی اے کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ پورے پنجاب میں حکومت کی جانب سے غیر قانونی اقدامات پر ینگ ڈاکٹرز تحفظات کا شکار ہیں جسٹس شجاعت علی خان نے کہا کہ لگتا ہے آپ نے درخواست بہت جلدی میں ڈرافٹ کی ہے عدالت نے کہا کہ کس نے آپ کے خلاف فورس کا استعمال کیا؟ آپ نے کسی کو فریق نہیں بنایا، جسٹس شجاعت علی خان نے ریمارکس دیے کہ آپ درخواست میں ترمیم کر کے لے آئیں.

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اصل مسئلہ زمینی صورتحال ہے، ینگ ڈاکٹرز بھی ہڑتال جاری رکھنا نہیں چاہتے، جسٹس شجاعت علی خان نے صدر ینگ ڈاکٹرز سے مکالمہ کیا کہ آپ کو چاہیے کہ اپنی ڈیوٹی کریں ، ہمیں گارنٹی دیں کہ آپ ہڑتال ختم کریں گے، ہم چاہتے ہیں آپ کل یہاں پر نظر نہ آئیں، ہسپتال میں ہوں. صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ میں اپنے ڈاکٹرز کی کونسل میں اس مسئلہ پر بات کروں گا جسٹس شجاعت علی خان نے کہا کہ پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہے 12 کروڑ لوگوں کا آپ سے واسطہ پڑتا ہے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے دائردرخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ساہیوال ہسپتال واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے، ساہیوال ہسپتال کے واقعے کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے کیے گئے اقدامات غیر قانونی قرار دیے جائیں،درخواست کے حتمی فیصلے تک پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کو ختم کرنے کا حکم معطل کیا جائے، ڈاکٹرز کی ایڈہاک شپ ختم کرنے کا اقدام بھی کا لعدم قرار دیا جائے لاہور ہائی کورٹ نے درخواست میں ترمیم کی اجازت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ہے.


لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں