ہوم سیکرٹری پنجاب نور الامین مینگل کاکیمپ جیل لاہور کا دورہ، دوپہر کا کھانا نوعمر قیدیوں کے ساتھ کھایااورانتظامات کا جائزہ لیا

بدھ 19 جون 2024 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2024ء) ہوم سیکرٹری پنجاب نور الامین نے کہا ہے کہ صوبہ بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو مطلوبہ کیلوریز سے بھر پور اور حفظان صحت کے مطابق تیار کردہ بہترین کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ بہترین طبی سہولیات اور زندگی کی دیگر سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز 94 سال پرانی کیمپ جیل کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے دوپہر کا کھانا نوعمر قیدیوں کے ساتھ کھایا اور کھانے کے ذائقے اور معیار کو سراہا۔ زیر سماعت مقدمات کے قیدیوں نے انہیں بتایا کہ تمام قیدی جیل کے کھانے کے معیار سے مطمئن ہیں جو سینئر سپرنٹنڈنٹ جیل ظہیر احمد ورک کی براہ راست نگرانی میں تیار اور مہیا کیا جاتا ہے اور وہ روزانہ دورہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کھانا قیدیوں کی مجموعی صحت، تندرستی اور غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

ہوم سیکرٹری نے کہا کہ صحت بخش کھانے کی فراہمی پنجاب کی اصلاحی سہولیات میں اولین ترجیح ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے سخت معیارات مقرر کئے ہیں اور باقاعدہ معائنہ کیا جاتا ہے کہ کھانا صاف ستھرے ماحول میں تیار کیا جائے اور آلودگی سے پاک ہو۔ ہوم سیکرٹری نور الامین منگل نے جیلوں میں طبی سہولیات میں بہتری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے قیدیوں کو بہتر طبی امداد فراہم کرنے کے لیے صحت کی دیکھ بھال کی خدمات میں اضافہ کیا ہے۔

اس میں قیدیوں کی صحت کا باقاعدہ معائنہ، بیماریوں کا فوری علاج اور ضروری ادویات کی فراہمی شامل ہے۔ یہ اقدامات پنجاب کی جیلوں کے اندر حالات کو بہتر بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات قیدیوں کی بحالی اور معاشرے میں دوبارہ انضمام کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں کیونکہ حکومت اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہے کہ قیدیوں کو دوران قید صحت اور تندرستی برقرار رکھنے میں مدد دی جائے اور انہیں معاشرے میں واپسی پر بہتر شہری بننے کے لیے تیار کیا جائے۔

اس موقع پر ڈاکٹر وقار چوہدری ایڈوائزر وفاقی ٹیکس محتسب ،سپر ٹنڈنٹ جیل ظہیر احمد ورک ،ڈپٹی سپر ٹنڈنٹس کامران مقبول،محسن علی اور محمد افضل وٹو بھی مو جود تھے۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے سیکرٹری داخلہ کو بتایا کہ ہم نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈین شعبہ فوڈ اینڈ نیوٹریشن کے ساتھ متعدد میٹنگز کے بعد جیل مینو میں موسمی سبزیوں اور چنے کے ساتھ معمولی تبدیلی کی ہے جس پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔

آئی جی نے کہا کہ کھانے کے معیار، طبی نگہداشت، سکیورٹی اور نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ آئی جی نے بتایا کہ جیلوں میں ای ڈیجیٹل لائبریریاں اور یوٹیلٹی سٹورز بھی قائم کیے گئے ہیں اور قیدیوں کو ٹھنڈا پانی فراہم کرنے کیلئے چلر اور فلٹر بھی کام کر رہے ہیں جبکہ قیدیوں کی جسمانی فٹنس کے لیے کھیلوں کے لیے گراونڈز بھی مہیا کیے گئے ہیں۔

آئی جی نے انٹرویو شیڈز اور ویٹنگ ایریاز کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کے لواحقین سے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے بہترین نگرانی پر سینئر سپرنٹنڈنٹ جیل ظہیر احمد ورک کو سراہا۔ ڈی آئی جی لاہور ریجن نوید رف لنگڑیال بھی آئی جی کے ہمراہ تھے۔ بعد ازاں اسی روز کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود نے بھی جیل کا دورہ کیا اور قیدیوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔ قبل ازیں آئی جی جیل خانہ جات نے وفاقی ٹیکس محتسب کے مشیر ڈاکٹر وقار چوہدری کے ہمراہ قیدیوں کے ساتھ عید منائی اور اس موقع پر مٹھائیاں تقسیم کیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں