جنگی جرائم پر عالمی برادری زبانی جمع خرچ کی بجائے انسانیت دشمن اسرائیل کو سزا دے‘لیاقت بلوچ

نائب امیرجماعت اسلامی کا محمود خان اچکزئی، اسد قیصر، راجہ ناصر عباس، ڈاکٹر ابوالخیر زبیر ،غلام محمد صفی سے ٹیلیفونک رابطہ

بدھ 19 جون 2024 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2024ء) نائب امیر جماعت اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے تحریکِ تحفظِ آئین ِ پاکستان کے قائدین محمود خان اچکزئی، اسد قیصر، راجہ ناصر عباس، ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر ابوالخیر زبیر اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین غلام محمد صفی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، عید کی مبارکباد دی اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن سے مصر فون پر رابطہ کیا، جو اِن دنوں مصر ،فلسطین بارڈر پر اہلِ غزہ فلسطین کے لیے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ غزہ پٹی کے تقریباً تمام علاقوں بالخصوص غزہ سٹی، خان یونس اور رفح میں ہسپتال صیہونی فوج کی مسلسل بمباری سے تباہ ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے اس جنگ میں زخمی ہونے والے فلسطینی انتہائی کربناک صورتِ حال سے دوچار ہیں۔

(جاری ہے)

لبنان میں دنیا بھر کی ڈاکٹر تنظیموں کا طبی امدادی سرگرمیوں کے لیے ڈاکٹرز کانفرنس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

لیاقت بلوچ نے فلسطینی رہنما ڈاکٹر خالد قدومی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید کے روز اور ایامِ حج کے دوران اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے۔سیکڑوں فلسطینی اس دوران شہید کردیے گئے۔اسرائیل کے جنگی جرائم پر عالمی برادری زبانی جمع خرچ کی بجائے انسانیت دشمن اسرائیل کو سزا دے۔نیتن یاہو تاریخ کا بدترین جنگی مجرم ہے۔عالمی عدالت جنگ بندی سے متعلق اپنے فیصلہ پر عملدرآمد نہ ہونے پر اسرائیلی حکومت کے خلاف فوری اقدامات کرے اور فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکا جائی25۔

کروڑ پاکستانی عوام اپنے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں اور بچوں کے پشتیبان ہیں۔ملک بھر کی ہر عیدگاہ اور مسجد میں فلسطینیوں اور کشمیریوں کے حق میں آواز بلند ہوئی ہے اور صیہونی اسرائیلی بربریت کی مذمت کی گئی ہے۔ڈاکٹر خالد قدومی نے آگاہ کیا کہ اسرائیل نے عید کے تین دنوں میں 250 فلسطینی شہید کردیے۔اہلِ پاکستان اور جماعتِ اسلامی کی فلسطینیوں کے لیے غیرمتزلزل حمایت بڑے حوصلہ کا باعث ہے۔

دنیا کی مؤثر رضاکار تنظیموں بالخصوص الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے غزہ، رفح میں مسلسل امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔عالمِ اسلام کی قیادت کی خاموشی اور مؤثر اقدام نہ ہونے کی وجہ سے اسرائیلی صیہونی ظلم پر ظلم ڈھائے جارہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فلسطینی کبھی بھی اپنے حق، اپنی سرزمین سے دستبردار نہیں ہونگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں