صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی کی کسانوں میں مرغیوں کی تقسیم کا پروگرام بحال کرنے کی ہدایت

کسانوں کو مرغ بانی کی جدید ٹریننگ دی جائے، گزشتہ برس مرغیوں کے 91 ہزار سیٹ ارزاں نرخوں پر تقسیم کئے، رواں برس ہدف میں اضافہ کیا جائے صوبائی وزیر زراعت، لائو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سید عاشق حسین کرمانی کی راولپنڈی پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے دورہ پر گفتگو

جمعہ 21 جون 2024 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2024ء) صوبائی وزیر زراعت، لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ راولپنڈی پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی طرف سے کسانوں کو انڈے دینے والی مرغیوں کی رعائتی نرخوں پر فراہمی کا پروگرام دوبارہ شروع کیا جائے اور انڈے دینے والی مرغیوں کی افزائش کو بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے راولپنڈی پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے دورہ کے موقع پر کیا۔ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک(ریسرچ) سجاد حسین، ڈائریکٹر راولپنڈی سرفراز احمد چٹھہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ کسان کی فلاح حکومت کی ترجیح یے اور مرغ بانی ایک منافع بخش کاروبار ہے اور شہری علاقوں میں دیسی انڈوں کی مانگ کے بڑھنے کے پیش نظر کسانوں کیلئے اس کاروبار میں کامیابی کے کافی مواقع موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سردیوں کے سیزن میں دیسی انڈوں کی مانگ پوری کرنے کیلئے ابھی سے منصوبہ بندی کی جائے اور کسانوں کو مرغ بانی کی جدید ٹریننگ دی جائے اور حکومت اس حوالے سے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ گزشتہ برس پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ راولپنڈی کی جانب سے 91 ہزار مرغیوں کے سیٹ فارمرز میں تقسیم ہوئے اور رواں برس اس تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں گزشتہ برس ساڑھے چار لاکھ انڈوں کی پیداوار ہوئی اور ان میں سے دو لاکھ 40 ہزار چوزوں کی پیدائش ہوئی۔وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب نے راولپنڈی پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے احاطے میں پودا لگایا اور دعا کی۔ صوبائی وزیر نے مرغیوں کے فارم کا تفصیلی دورہ کیا اور مرغیوں کو دی جانے والی خوراک کا جائزہ لیا۔ وہ پولٹری، ہیچری اور ڈزیز لیبز میں گے اور فارمرز سے سہولیات کے متعلق دریافت کیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں