پابندیوں سے عوام کے دل سے بانی پی ٹی آئی کی محبت کو نکالا نہیں جا سکتا ‘ یاسمین راشد

لوگوں کیلئے ایک وقت کی روٹی کھانا مشکل ہوگئی ،آپ سیاسی انتقام سے باز نہیں آ رہے‘ جیل سے خط

ہفتہ 22 جون 2024 20:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ جمہوریت کا حسن پرامن احتجاج ہے اوراس بات کی اجازت پاکستان کا آئین دیتا ہے۔ یاسمین راشد نے جیل سے لکھے گئے خط میں کہا کہ حکومت اس حد تک عوام سے خوفزدہ ہے کہ 27تاریخ تک دفعہ 144لگا دی گئی ہے،کیا اس طرح کی پابندیوں سے آپ عوام کے دل سے بانی پی ٹی آئی کی محبت نکال سکتے ہیں ۔

ایک تصویر وائرل ہونے کی دیر تھی کہ 55لاکھ لوگوں نے پہلے 2گھنٹے میں اس تصویر کو دیکھا، میڈم کی حکومت نے اس عوام کو دیا ہی کیا ہے،صحت سہولت کارڈ جس کے تحت ایک خاندان 10لاکھ روپے تک اپنا علاج کرواسکتا تھاوہ بھی عوام سے واپس لے لیا گیا ہے۔ یاسمین راشد نے خط میں لکھا کہ سی ایم صاحبہ اگر آپ کو اپنے 100دن کی تشہیر سے فرصت ملے تو پتہ کر لیں کہ جو قیمتیں حکومت بتاتی ہے کیا اس قیمت میں لوگوں کو روزمرہ کا سامان مل رہا ہے۔

(جاری ہے)

دور جانے کی ضرورت نہیں ہے ٹیلی ویژن کے چینل پر روزانہ حکومت کی بتائی ہوئی قیمتیں اور جس بھا ئوچیزیں بک رہی ہیں وہ بتائی جاتی ہیں ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید لکھا کہ 40فیصد تک عوام غربت کی سطح سے نیچے ہیں، کسان برباد ہو گیا ہے لوگوں کیلئے ایک وقت کی روٹی کھانا مشکل ہوگئی ہے،آپ سیاسی انتقام سے باز نہیں آ رہے، ایک بار پھر عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کا 7دن کا جسمانی ریمانڈ دے دیا گیاہے۔ عزت دینے والا اللہ تعالی ہے اور ان کی عزت میں آپ نے اور اضافہ کر دیا ہے۔ یاد رکھیں اس سارے ظلم کی آپ جوابدہ ہو ںگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں