لاہور پولیس آپریشنز ونگ کی رواں ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری

پیر 24 جون 2024 17:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2024ء) لاہور پولیس آپریشنز ونگ نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران نے بتایا کہ لاہور پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف تادیبی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔رواں ماہ ابتک ناجائز اسلحہ کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران478 مقدمات درج جبکہ اسلحہ برآمدگی پر 484 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

ملزمان سے8 کلاشنکوف،31 رائفلز،12 بندوقیں،426 پسٹلز اور ہزاروں گولیاں برآمد کی گئیں۔منشیات برآمدگی پر624 ملزمان گرفتارکر کے618 مقدمات درج کئے گئے۔ملزمان سے 304 کلو417 گرام چرس،4کلو790 گرام ہیروئن،16کلو 197گرام آئس اور4245 لیٹر شراب سمیت بھاری مقدار میں افیون اور بھنگ بھی برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

رواں ماہ اشتہاریوں و عادی مجرمان کے خلاف بھی موثر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

کارروائیوں کے دوران497 اشتہاری،197 عادی مجرمان اور233 عدالتی مفروران کو حراست میں لیا گیا۔پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 56 افراد گرفتارکر کے ان کے قبضہ سے سینکڑوں پتنگیں،چرخی و پنی ڈور برآمد کی گئی۔جوئے کی لعنت میں مبتلا319 قمار بازوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے دائو پر لگی17 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بھی برآمد کی گئی۔گداگری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 234 بھکاریوں کو بھی حراست میں لیا گیا۔

لاہور پولیس آپریشنز ونگ نے بجلی چوروں کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے 190ملزمان گرفتار کئے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ شہری جرائم کے خاتمے کیلئے لاہور پولیس کا ساتھ دیں، گرد و نواح پر نظر رکھیں،مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فورا ایمرجنسی15پر دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں