جسٹس شجاعت علی خان نے بطور قائمقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف لے لیا،پروٹوکول نہ لینے کا فیصلہ

منگل 25 جون 2024 23:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2024ء) جسٹس شجاعت علی خان نے بطور قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اپنے عہدے کا حلف لے لیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ان سے حلف لیا۔ حلف برداری کی سادہ و پر وقار تقریب گورنر ہاس میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی شرکت کی۔ جبکہ اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس مس عالیہ نیلم، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس سید شہباز علی رضوی، جسٹس شاہد کریم، جسٹس چودھری محمد اقبال، جسٹس شہرام سرور چودھری، جسٹس ساجد محمود سیٹھی، جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس وحید خان سمیت دیگر فاضل ججز، سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی، سابق جج جسٹس الطاف ابراہم قریشی، سابق جج جسٹس حسنات احمد خان، سابق جج جسٹس علی اکبر قریشی، سپیکر پنجاب اسمبلی محمد احمد خان، صوبائی وزرا، وفاقی و صوبائی لا افسران، آئی جی پنجاب پولیس، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ چودھری عبدالرشید عابد سمیت جوڈیشل افسران، لاہور ہائی کورٹ کے افسران اور فاضل قائم مقام چیف جسٹس کے فیملی کے افراد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے جسٹس شجاعت علی خان کی بطور قائم مقام چیف جسٹس کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن پڑھا۔علاوہ ازیں قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ شجاعت علی خان کا پروٹوکول نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے آج بطور قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ حلف لیا۔ حلف لینے کے بعد لاہور ہائیکورٹ پہنچنے پر فاضل قائم مقام چیف جسٹس نے گارڈ آف آنر لینے سے انکار کیا اور پروٹوکول بھی نہ لینے کا فیصلہ کیا۔ جسٹس شجاعت علی خان اپنی عدالت کورٹ روم نمبر 2 سے ہی بطور قائم مقام چیف جسٹس فرائض سرانجام دیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں