صوبائی وزیر صحت سے پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں مختلف انشورنس کمپنیوں کے نمائندگان کی ملاقات

یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کو بہتر شکل میں لانچ کرنے کیلئے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر رہے ہیں‘ خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 27 جون 2024 18:52

صوبائی وزیر صحت سے پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں مختلف انشورنس کمپنیوں کے نمائندگان کی ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں مختلف انشورنس کمپنیوں کے نمائندگان نے ملاقات کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور انشورنس کمپنیوں کے نمائندگان کے درمیان یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں بہتری لانے کیلئے تبادلہ خیال ہوا۔ڈاکٹر علی رزاق نے اس حوالے سے بریفنگ دی۔

مختلف ہیلتھ انشورنس کمپنیوں کے نمائندگان نے ورکنگ گروپ میں شامل طبی ماہرین کی جانب سے تجاویز کو سراہا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کو ایک بہتر شکل میں لانچ کرنا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ میاں نواز شریف کی حکومت صحت کارڈ پروگرام کو بہت بہتر طریقے سے چلا رہی تھی۔

(جاری ہے)

صحت کارڈ کی سہولت کو یونیورسل کرنے سے بہت ساری خرابیاں پیدا ہو چکی ہیں۔ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے حقیقی ثمرات عوام تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پوری دنیا میں صحت مند بیمار کیلئے اور امیر غریبوں کیلئے pay کرتے ہیں۔

یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کو سسٹین ایبل ماڈل بنانا چاہتے ہیں۔ڈاکٹر عدنان خان نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں ایچ آئی ایم سی نظام کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، ڈاکٹر عدنان خان اور پی ایچ آئی ایم سی کے سٹاف نے شرکت کی۔ملاقات میں اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی، آدم جی و دیگر مختلف انشورنس کمپنیوں کے نمائندگان موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں