لاہور پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام یقینی بنانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشنز جاری

پیر 1 جولائی 2024 22:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2024ء) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران کی ہدایت پرمحرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام یقینی بنانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشنز جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے ماہ جون کے دوران شہر کے324 علاقوں میں سرچ آپریشنز کئے،سرچ آپریشنز کے دوران9182گھروں، 4034 کرایہ داروں اور27 ہزار528 افراد کو چیک کیا گیا،قانون شکنی کے مرتکب 32 افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی،کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر17 مقدمات درج کئے گئے،منشیات فروشی،شراب نوشی اور ناجائزاسلحہ برآمدگی پر04 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 5 اشتہاری و عادی مجرمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں،امام بارگاہوں اور عزاداری جلوسوں کے روٹس کے اطراف میں سرچ آپریشنزباقاعدگی سے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ بس اڈوں، ریلوے اسٹیشن، گوداموں، ہوٹلوں میں سرچنگ کی جائے،ڈولفن، پی آر یو ٹیمیں سٹریٹ کرائم کے تدارک، امام بارگاہوں کے اطراف پٹرولنگ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ شرپسند اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے سرچ آپریشنز جاری رکھیں گے،پولیس افسران و اہلکار سرچ آپریشنز کے دوران شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں