وزیر بلدیات ذیشان رفیق سے ورلڈ بنک کے وفد کی ملاقات،پی آر ایس ڈبلیو ایس ایس پی میں پیشرفت پر تبادلہ خیال

بدھ 3 جولائی 2024 22:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2024ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق سے ورلڈ بنک کے وفد نے سینئر واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن سپیشلسٹ محمد فرحان اللہ سمیع کی سربراہی میں یہاں سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، پی اینڈ ڈی کے چیف آفیسر احمد رجوانہ اور سپیشل سیکرٹری آسیہ گل نے بھی شرکت کی۔ ملاقات کے دوران پنجاب دیہی دیرپا واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن پراجیکٹ (پی آر ایس ڈبلیو ایس ایس پی) میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صوبائی وزیر نے وفد کو وزیراعلی مریم نواز کی حکومت کے مختلف منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پی آر ایس ڈبلیو ایس ایس پی ورلڈ بنک کا بہت اچھا منصوبہ ہے جس کے تحت پنجاب کی 16تحصیلوں کے 200دیہات کو تمام سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اب بنک نے ان سہولیات کا دائرہ کار انہی تحصیلوں کے 2 ہزار دیہات تک پھیلانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ ذیشان رفیق نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ورلڈ بنک پروگرام کا دائرہ کار بڑھنے سے زیادہ آبادی کو فائدہ پہنچے گا۔

دیہات میں صاف پانی، سینی ٹیشن، غذائیت کی کمی جیسے مسائل میں عالمی بنک کا تعاون قابل ستائش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف پنجاب بھر میں یکساں صفائی کا نظام رائج کرنا چاہتی ہیں، اس مقصد کے لئے پنجاب حکومت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا نظام آئوٹ سورس کر رہی ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ممکن ہو تو ورلڈ بنک پی آر ایس ڈبلیو ایس ایس پی کے تحت صفائی کیلئے مخصوص فنڈز دیگر سہولیات کیلئے خرچ کرے، اسی طرح ڈپلی کیشن سے بچا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے تجربے کو ورلڈ بنک دیگر علاقوں تک پھیلائے،زیادہ سے زیادہ آبادی کو فائدہ پہنچنے سے بہتر نتائج مل سکتے ہیں۔ورلڈ بنک کے وفد کے سربراہ فرحان اللہ سمیع نے پنجاب حکومت کے زیر نگرانی پی آر ایس ڈبلیو ایس ایس پی پائلٹ پروگرام کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے عالمی بنک کی جانب سے مستقبل میں پنجاب رورل سپورٹ پروگرام ٹو شروع کرنے کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر کی زیادہ آبادی کو فائدہ پہنچانے کی بات سے متفق ہوں، اس حوالے سے تجاویز ورلڈ بنک کے بورڈ کو بھجوائیں گے جو حتمی فیصلہ کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں