پنجاب پولیس کے ملازمین اور انکے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات جاری

رواں سال کے پہلے 06 ماہ میں 01 ارب 38 کروڑ روپے فورس کی ویلفیئر پر خرچ کئے گئے‘آئی جی عثمان انور

بدھ 3 جولائی 2024 23:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رکی زیر ہدایت پنجاب پولیس کے ملازمین اور انکے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات جاری ہیں ، پولیس ملازمین کو بچوں کی تعلیم ، صحت ، قانونی و فیملی امور سمیت تمام معاملات میں ریکارڈ ویلفیئر فراہم کی جاری رہی ہے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ رواں سال کے پہلے 06 ماہ میں 01 ارب 38 کروڑ روپے فورس کی ویلفیئر پر خرچ کئے گئے ہیں جس سے ہزاروں ملازمین کے خاندانوں کو ریلیف حاصل ہوا ہے ۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کیلئے تعلیمی وظائف کی مد میں 50 کروڑ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی ، صحت کے مسائل سے دوچار ملازمین کو میڈیکل گرانٹ کیٹیگری میں 14 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کئے گئے ، پولیس ملازمین کی بیٹیوں کو ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 32 کروڑ 69 لاکھ روپے دئیے گئے، پولیس فورس کو ایمرجنسی امداد کی مد میں01 کروڑ 23 لاکھ روپے دئیے گئے، تدفین اخراجات کی مد میں فورس کے اہلخانہ کو 03 کروڑ، 79 لاکھ روپے دئیے گئے، پولیس ملازمین کو ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں 15 کروڑ 89 لاکھ 20 ہزار روپے دئیے گئے، گذارا الاؤنس کی مد میں ملازمین کے اہلخانہ کو 16 کروڑ 98 لاکھ 22 ہزار روپے دئیے گئے، پولیس شہداء کے اہلخانہ کو گھروں کی تعمیر کیلئے 01 کروڑ 55 لاکھ روپے دئیے گئے، مقدمات کا سامنا کرنے والے ملازمین کو قانونی معاونت کی مد میں 87 لاکھ روپے دئیے گئے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس ویلفیئر فنڈ اور محکمے کے ویلفیئر ذرائع سے حاصل آمدن سے ملازمین کی مشکلات کا ازالہ کیا گیا، پولیس فورس کی ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات جاری رہیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں