فتنہ فساد پارٹی یہی کرسکتی ہے، یہ تحریک انصاف کے ارکان نہیں 9 مئی کے دہشتگرد ہیں،عظمی بخاری

جمعرات 4 جولائی 2024 00:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2024ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ فتنہ پارٹی کے ارکان کو پنجاب کے گیٹ پر ہلڑ بازی کرتے شرم آنی چاہئے، احتجاج کرنے کیلئے پورے پنجاب سے عہدیدار اور ہارے ہوئے لوگ اکٹھے کئے گئے ،انکے اپنے اسمبلی ممبران انکے ساتھ نہیں،فتنہ فساد پارٹی یہی کرسکتی ہے، یہ تحریک انصاف کے ارکان نہیں 9 مئی کے دہشتگرد ہیں، چار ماہ سے یہی ڈرامے بازی اور لچر پن ایوان کے اندر کیا جا رہا ہے، بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایوان کے اندر بیہودہ نعرے بازی اور گالم گلوچ کرنے والے وہی کچھ آج اسمبلی گیٹ پر کررہے ہیں۔

ہمیں ہائوس چلانے کی ڈکٹیشن وہ لوگ دے رہے جنہوں نے چار سال ہائوس ایک ڈکٹیٹر سپیکر کے حوالے کئے رکھا۔

(جاری ہے)

پرویز الہی نے سپیکر بنتے ہی سب سے پہلے میری رکنیت معطل کی تھی،پنجاب کی تاریخ میں سب سے زیادہ معطلیاں انکے دور میں ہوتی رہیں۔ ان خیالات انہوں نے اپوزیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے باہر کئے گئے احتجاج پر کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے چار سال انکی غنڈہ گردی اور ڈکٹیٹرشپ کو بھگتا ہے۔

ہمارے ارکان نے ہمیشہ تہذیب اور پارلیمانی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے احتجاج کیا۔ سپیکر احمد خان نے جتنا ٹائم اور عزت انکو دی اسکی مثال نہیں ملتی۔ پنجاب کے عوام نے چار سال پنکی،گوگی اور بزدار گینگ کو بھگتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جب چابی والا کھلونا گونگا بن کر وزیراعلیٰ کی کرسی پر بیٹھا ہوتا تھا تب یہ لوگ اسکے آگے سرجھکائے بیٹھے رہتے تھے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر فنانس مجتبٰی شجاع کا کہنا تھا کہ وزیراعلی ٰکے حلف،بجٹ ڈے پھر وزیراعلی کی تقریر کے دوران بھی اپوزیشن نے ایوان کا ماحول خراب کیا۔ مریم نواز نے پہلے روز ہی رانا آفتاب سمیت پوری اپوزیشن کو عزت دی۔مریم نواز نے یہاں تک کہا کہ جتنے قابل احترام میرے لئے حکومتی ارکان ہیں اتنے قابل احترام اپوزیشن ارکان ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ اپوزیشن ارکان نے مریم نواز کی تقریر کے دوران مسلسل غیر پارلیمانی رویہ اختیار کیا جو ناقابل برداشت تھا۔سپیکر ملک احمدخان نے متعدد بار اپوزیشن لیڈر اور انکے ارکان سمجھایا لیکن انہوں نے ایوان کا ماحول خراب کی ٹھان لی تھی۔ سپیکر نے ایوان کا ماحول خراب کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے کر اپنے اختیارات استعمال کیے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں