میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ کا مالی سال 25-2024 ء کا بجٹ اتفاق رائے سے منظورکرلیا گیا

بدھ 26 جون 2024 20:03

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2024ء) میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ کے میئر ایڈووکیٹ انور علی لہر کی زیر صدارت میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ کا اجلاس ہوا،جس میں میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ کا مالی سال 25-2024 کا بجٹ اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔فنانس کمیٹی کے چیئرمین محمد قاسم بروہی نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر 03 ارب 17 کروڑ 46 لاکھ 65 ہزار 720 روپے کی بجٹ میں سے 10 کروڑ 68 لاکھ 10 ہزار 330 روپے کی بچت ظاہر کی گئی ہے۔

بجٹ میں دیئے گئے اعداد و شمار کے مطابق یکم جولائی 2024 کو میونسپل کارپوریشن کا اوپننگ بیلنس 11 کروڑ، 80 لاکھ، 13 ہزار، 501 روپے ہوگا۔ آئندہ مالی سال کے دوران 03 ارب، 05 کروڑ، 66 لاکھ، 52 ہزار، 219 روپے آمدنی کی توقع ہےجبکہ کل خرچ کا تخمینہ 03 ارب، 06 کروڑ، 78 لاکھ، 55 ہزار، 390 روپے ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح میونسپل کارپوریشن کا 30 جون 2025 کو کلوزنگ بیلنس 10 کروڑ، 68 لاکھ، 10 ہزار، 330 روپے ہوگا۔

نئے مالی سال کے بجٹ میں تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے 01 ارب، 19 کروڑ، 95 لاکھ، 60 ہزار، 942 روپے رکھے گئے ہیں جبکہ پنشن، گریجویٹی، مالی امداد کے لئے 36 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔دیگراخراجات کے لئے 73 کروڑ، 99 لاکھ، 55 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں۔یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی کے لئے 09 کروڑ، 26 لاکھ روپے، لازمی سرکاری ادائیگیوں کے لیے 10 لاکھ روپے، گزشتہ سالوں کے بلوں کی ادائیگی کے لیے 01 کروڑ روپے، سٹریٹ لائٹس اور دیگر چلنے والے کاموں کے لئے 02 کروڑ، 38 لاکھ، 48 ہزار 932 روپے۔

مرمتی کاموں کے لئے 12 کروڑ، 30 لاکھ روپے، جاری ترقیاتی کاموں کے لئے ایک کروڑ، 79 لاکھ، 20 ہزار، 516 روپے، نئے ترقیاتی کاموں کے لئے 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔لاڑکانہ شہر کی 20 یونین کمیٹیز کی لائٹنگ کے لئے 10 کروڑ روپے،ڈسپوزلز کے جنریٹرز کے ایندھن کے لیے 15 کروڑ روپے اور دیگر بحالی کے کاموں کے لیے 01 کروڑ 50 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔غریب طلباء کے وظائف، پریس کلب کی امداد، اقلیتوں، خواتین، خواجہ سراؤں کی فلاح و بہبود اور دیگر کاموں کے لیے 09 کروڑ، 22 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔

اس موقع پر تمام اراکین نے ہاتھ اٹھا کر بجٹ کی منظوری دی۔لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن کے میئر انور علی لہر نے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم لاڑکانہ شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ کوششیں کر رہے ہیں۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں کی ہدایات پر شہر میں صفائی ستھرائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

لائٹنگ، سڑکوں کا کام بھی ہو رہا ہے، ہر یوسی کو ماہانہ 12 لاکھ روپے دئیے جائیں گے تاکہ لاڑکانہ کو مزید خوبصورت اور صاف ستھرا بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی بقایا رقم کی منظوری دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ باقی رہ جانے والی خامیوں کو دور کیا جائے گا۔میونسپل کارپوریشن کے ممبران تعاون کریں۔

ڈپٹی میئر محمد امین شیخ نے کہا کہ میونسپل ملازمین کو چھت فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما خیر محمد شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر لاڑکانہ شہر کے ہر یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین کے ذریعے ترقیاتی کام کیے جائے گے جس کی مد میں فنڈز مہیا کیے گئے ہیں۔ لیکن ہم لاڑکانہ کے لیے سندھ حکومت سے مزید فنڈز حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ مسائل حل ہو سکیں۔ یوسی چیئرمین محمد ابراہیم کوسو نے کہا کہ تمام یونین کمیٹیوں میں سولر لائٹس لگائی جائیں، شہر میں فائر سٹیشن قائم کیا جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اراکین نے بجٹ کو بہتر قرار دیتے ہوئے اپنی تجاویز پیش کیں۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں