محرم الحرام میں مذہبی منافرت پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،ڈپٹی کمشنر

پیر 24 جون 2024 23:14

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2024ء) ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ ملتان میں مثالی امن و امان کے قیام کےلئے ضلعی انتظامیہ اور امن کمیٹی نے محرم الحرام پر مثالی قیام امن کےلئے اقدامات پر اتفاق کیا ہے ،اس سلسلے میں امن کمیٹی کے اجلاس میں تمام علما کرام اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے فرقہ واریت اور دہشت گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں مذہبی منافرت پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سی پی او صادق علی ڈوگر ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مبشرالرحمن بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی سمیت تمام انتظامات فول پروف بنائے جائیں گے جبکہ جلوس و مجالس روٹس کی اپ گریڈیشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

وسیم حامد سندھو نے کہا کہ جلوس روٹس سے تجاوزات ختم کرکے صفائی و سیوریج کے مثالی انتظامات کئے جائیں گے ۔قبل ازیں سی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام بارے سیکورٹی فورسز مکمل متحرک رہیں گی۔ اس سلسلے میں حساس مقامات اور عبادت گاہوں پر اضافی سیکورٹی بھی فراہم کی جائے گی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں