مظفر آباد، مودی کے جموں وکشمیر کے دورے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 21 جون 2024 12:19

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2024ء) پاسبان حریت جموں وکشمیر نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے جموں و کشمیر کے دورے کے خلاف دارالحکومت مظفر آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سینٹرل پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرے کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی ، حریت راہنما مشتاق الاسلام ، مشتاق احمد بٹ ، عثمان علی ہاشم ، ڈاکٹر محمد منظور ، محمد اسحاق شاہین ، جاوید احمد مغل ، خالد محمود زیدی اور دیگر نے کی۔

مظاہرین نے نریندر مودی ، راج ناتھ سنگھ، امیت شاہ اور اجیت ڈوول کے پتلے نظر آتش کئے۔ مظاہرے میں بچوں اور معمر افراد سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔انہوں نے مودی کے مقبوضہ علاقے کے دورے کے خلاف سیاہ جھنڈے اور بینر اٹھا رکھے تھے ۔

(جاری ہے)

بینرز پر بھارتی تسلط سے آزادی کے حق میں اور مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔

انہوں نے ”قاتل قاتل مودی قاتل ،جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے ، گو مودی گو بیک “کے نعرے لگائے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی ہزاروں کشمیریوں کا قاتل اور جموں و کشمیر کے تشخص پر حملہ آور ایک سامراجی حکمران ہیں، مقبوضہ علاقے کے لوگوں نے مودی کے دورے کو مکمل طور مسترد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی تمام تر چیرہ دستیوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بھارت سے آزادی سے کم کسی چیز کو قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام بھارت کے خلاف مزاحمت میں مقبوضہ علاقے کے اپنے بھائیوں کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں