نامور سماجی کارکن عبد الستار ایدھی کی برسی 8 جولائی کو منائی جائے گی

جمعرات 4 جولائی 2024 17:14

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2024ء) نامور سماجی کارکن عبد الستار ایدھی کی برسی 8 جولائی کو منائی جائے گی۔ عبدالستار ایدھی 28 فروری 1928ئ میں بھارت کی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیدا ہوئے۔انہوں نے 11 برس کی عمر میں اپنی ماں کی دیکھ بھال کا کام سنبھالا جو ذیابیطس میں مبتلا تھیں، چھوٹی عمر میں ہی انہوں نے اپنے سے پہلے دوسروں کی مدد کرنا سیکھ لیا تھا جو ان کے لئے کامیابی کی کنجی ثابت ہوئی۔

(جاری ہے)

1947میں تقسیم ہند کے بعد ان کا خاندان بھارت سے ہجرت کر کے پاکستان آیا اور کراچی میں آباد ہو گیا۔ عبدالستار ایدھی نے سماجی خدمت کیلئے ایدھی فائونڈیشن کی بنیاد رکھی اور ایدھی ایمبولینس کو دنیا بھر میں نجی شعبہ کی سب سے بڑی ایمبولینس سروسز کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ انسانیت کی فلاح وبہبود اور مدد کی خدمات کے اعتراف میں عبدالستار ایدھی کو کئی قومی و بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا۔ عبدالستار ایدھی 8 جولائی 2016 کو وفات پا گئے اور ان کو کراچی میں سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی برسی کے موقع پر سرکاری، نجی و فلاحی تنظیموں کے زیر انتظام مختلف تقریبات میں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں