خیبرپختونخوا میں جنگلات کی کٹائی پر مکمل پابندی عائد کردی گئی

پابندی جنگلات کی کٹائی کے حوالے سے عوام میں پائی جانے والی تشویش و بے چینی کی بناء پر عائد کی گئی ہے، محکمہ جنگلات کی جانب سے اعلامیہ جاری

منگل 25 جون 2024 21:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے عوامی سطح پر جنگلات کی کٹائی کے حوالے پائی جانے والی تشویش کو مدنظر رکھتے ہوئے منظور شدہ پلان کے تحت مخصوص جنگلات اور پرائیویٹ ووڈ لاٹس میں کی جانے والی ہر قسم کی کٹائی پر پابندی عائد کردی ہے، اس ضمن میں محکمہ جنگلات کی جانب سے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں فارمولے کے تحت جنگلات کی کٹائی پر عوام میں پائی جانے والی بے چینی،تشویش اور سوشل میڈیا پر عوامی حلقوں و سول سوسائٹیز کی طرف سے اٹھائے جانے والے اعتراضات کے پیش نظر پرائیویٹ ووڈ لاٹس رولز 2017 کے تحت پابندی عائد کی ہے، اعلامیہ میں کٹائی کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے اور تمام عمل میں درستگی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی وزیرِ جنگلات کی جانب سے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایات کا کہا گیا ہے تاکہ یہ ٹیمیں شفاف طریقے سے منظور شدہ ورکنگ پلانز اور دیگر سکیموں کی کٹائی کی نگرانی کریں اور بے ضابطگیوں کو سختی سیرو کیں۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے تحت سائنسی انداز و طریقہ کار کے تحت جنگلات کی کٹائی کے مقاصد سے عوام کو بروقت آگاہ بھی کیا جائیگا۔ صوبائی وزیر جنگلا ت و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام اوراہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس کام کی شفاف طریقے سے نگرانی کریں اور اس عمل کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور یہ کام مکمل کرنے تک پابندی برقرار رکھی جائے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں