خیبرپختونخوا میں محفوظ ہوابازی کے لئے ایئرپورٹ اطراف میں صفائی اور حفاظتی اقدامات کے لئے آگاہی مہم کا آغاز

بدھ 19 جون 2024 12:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2024ء) خیبرپختونخوا میں محفوظ ہوابازی کے لئے ایک جامع آگاہی مہم شروع کی گئی ہے جس کا مقصد ہوائی جہازوں کو پرندوں، ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی اور لیزر لائٹ سے پہنچنے والے نقصان سے بچاتے ہوئے محفوظ ہوابازی یقینی بنانا ہے،مہم کا بنیادی مقصد ایئرپورٹ کے آس پاس کے علاقوں میں صفائی برقرار رکھنے کی اہمیت سے عوام کو آگاہ کرنا ہے۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ایئرپورٹ کے قریبی علاقوں میں کچرے کو ٹھکانے لگانے سے کوڑا پرندوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے، جس سے جہازوں سے پرندوں کے ٹکرانے کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے۔ پالتو پرندوں، خاص طور پر کبوتروں کی موجودگی تمام پروازوں بشمول ٹیک آف اور لینڈنگ کی حفاظت کے لیے انتہائی خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے مہم کے ذریعے شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ ہوائی اڈے کے احاطے کے قریب پرندوں اور کبوتر اڑانے سے گریز کریں۔

مزید برآں، ہوائی اڈوں کے قریب پتنگ بازی کو پروازوں کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ عوام بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ہوائی اڈے کے اطراف میں پتنگ بازی سے گریز کریں۔ہوائی جہاز کی حفاظت کے لیے ایک اور سنگین چیلنج ہوائی فائرنگ ہے، یہ ایک خطرناک عمل ہے جو ہوائی جہاز کو پرواز اور پارکنگ کے دوران بھی نقصان پہنچاتا ہے،آگاہی مہم کے تحت اس سرگرمی کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔

ہوائی اڈوں کے قریب لیزر بیم لائٹس کا استعمال بھی سختی سے ممنوع عمل ہے، کیونکہ یہ پرواز کے نازک مراحل کے دوران پائلٹوں کی توجہ متاثر کرتی ہے۔ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا کی اس خصوصی مہم میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اس مہم کی کامیابی کے لیے عوام خصوصاً ایئرپورٹ اطراف میں رہائشیوں کا تعاون بہت ضروری ہے تاکہ ملکر اور باہمی تعاون سے ہوابازی کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں