بجلی بلوں میں بے تحاشہ اضافہ افسوسناک ہے ‘ عائشہ سید

یہ بجلی کے بل نہیں بلکہ ریاست کی جانب سے بھرے کی پرچیاں ہیں‘ناظمہ حلقہ خواتین جے آئی

ہفتہ 29 جون 2024 20:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2024ء) ناظمہ صوبہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی خیبر پختونخوا عائشہ سید نے گھریلو صارفین کو ملنے والے بجلی کے بل اور ناجائز ٹیکس سے بھرپور بلوں کے خلاف اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بلوں پر خاموشی جرم ہے یہ بل نہیں بلکہ ریاست کی جانب سے بھتے کی پرچیاں ہیں، ان حالات نے ناصرف مردوں بلکہ خواتین کو بھی ذہنی دباؤ سے دوچار کیا ہے۔

(جاری ہے)

ارباب اختیار کو مفت بجلی عوام کے خون پسینے کی کمائی سے دی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے پاکستان کو صوبہ خیبر پختونخوا بجلی فراہم کرتا ہے اس نقطہ نظر سے ان علاقوں میں خاص ریلیف دینا چاہئے لیکن یہاں کی عوام کو مزید دباؤ دیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدید لہر کے پیش نظر حکومت کو بجلی کے بلوں میں خصوصی رعایت دینی چاہئے تاکہ گرمی اور غربت سے تنگ عوام ذہنی اذیت سے دوچار نہ ہوں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں