عمران خان نے کل شہریار آفریدی ،جنید اکبر اور شاندانہ گلزار کو ملاقات کیلئے بلوالیا

بانی پی ٹی آئی نے عمرایوب، شبلی فراز اور روف حسن کو بھی ملاقات کیلئے کل طلب کیا ہے،بانی پی ٹی آئی نے مبینہ فارورڈ بلاک کی خبریں آنے پر اراکین قومی اسمبلی کو اڈیالہ جیل بلوایا ہے

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 3 جولائی 2024 12:37

عمران خان نے کل شہریار آفریدی ،جنید اکبر اور شاندانہ گلزار کو ملاقات کیلئے بلوالیا
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03جولائی 2024 ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ناراض اراکین شہریار آفریدی،جنید اکبر اور شاندانہ گلزار کو ملاقات کیلئے بلوالیا،بانی پی ٹی آئی نے مبینہ فارورڈ بلاک کی خبریں آنے پر اراکین قومی اسمبلی کو اڈیالہ جیل طلب کیاہے۔عمران خان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمرایوب، شبلی فراز اور روف حسن کو بھی ملاقات کیلئے کل ہی طلب کرلیا۔

عمران خان جیل میں ناراض اراکین سے مختلف امور پر مشاورت کریں گے اور ان کی ناراضگی کی وجہ جاننے کی کوشش کرینگے ۔بانی پی ٹی آئی عمران خان ناراض اراکین کو آپس کے اختلافات ختم کرنے اور مل جل کر پارٹی میں کام کرنے پر آمادہ کریں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان پارٹی میں اختلافات اورگروپ بندی کی اطلاعات پر ناراض اراکین کو ملاقات کیلئے جیل میں طلب کیا تھا ۔

(جاری ہے)

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک موجود نہیں یہ ایسی پارٹی ہے جو اپنے ووٹ کی طاقت پر بنی اور قائم ہوئی، پی ٹی آئی سے مضبوط جماعت ملک میں موجود نہیں اس میں فارورڈ بلاک بن ہی نہیں سکتا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پارٹی میں اختلافات کی بنیاد غلط فہمی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ جمعرات کو دونوں گروپس کو ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل بلا لیا ہے۔

کچھ لوگوں نے تشدد کے باعث پارٹی چھوڑی اور کچھ نے فائلیں دیکھ کر، دونوں کے الگ الگ کیسز ہیں۔عمران خان نے یہ بھی کہا تھاکہ جب جیل سے باہر نکلوں گا تو پھر پارٹی میں واپسی کے معاملات کو خود دیکھوں گا۔ پارٹی میں اختلافات کوئی بڑا مسئلہ نہیں عمر ایوب کی پارٹی کیلئے بہت خدمات ہیں۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں پلڈاٹ، فافن اور پٹن کی رپورٹس میں دھاندلی کی تصدیق کی گئی تھی۔ چیف الیکشن کمشنر کو دھاندلی کو کوور کرنے کیلئے لگایا گیاتھا۔ سارا ملک کہہ رہا ہے کہ فراڈ الیکشن کروایا گیا تھا۔الیکشن میں جس طرح دھاندلی کی گئی تھی اس کی مثال نہیں ملتی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں