اے این ایف کے انسداد منشیات آپریشنز، 236 کلو گرام منشیات برآمد، 5 ملزمان گرفتار

جمعرات 20 جون 2024 12:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2024ء) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف )نے منشیات سمگلنگ کے خلاف 7 کارروائیوں میں 236 کلو گرام منشیات برآمدکرکے 5 ملزمان گرفتارکر لیے۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کی گئی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات میں بتایاگیا ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر سے 3.6 کلو گرام آئس برآمد کی گئی ۔

سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے پیٹ سے 900 گرام ہیروئن بھرے کیپسولز برآمدکیے گئے ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ایئرپورٹ پر دوسری کاروائی میں دوحہ جانے والے مسافر سے 254 گرام ہیروئین اور 200 گرام چرس برآمدکی گئی۔لاہور ایئرپورٹ پر کارگو آفس سے کراچی بھیجے جانے والے پارسل سے 300 گرام چرس برآمد کی گئی ۔موٹر وے ٹول پلازہ ننکانہ صاحب کے قریب گاڑی سے 146 کلوگرام چرس 69 کلوگرام افیون برآمدکی گئی ۔

کوئٹہ میں کوریئر آفس سے ملتان بھیجے جانے والے پارسل سے 15 کلوگرام چرس اور 800 گرام آئس برآمدکی گئی ۔ملتان میں وہاڑی کے قریب دو ملزمان سے 5 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ۔اے این ایف ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں