کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکا، 5 جوان شہید

شہدا میں حوالدار عقیل احمد، لانس نائیک محمد طفیر، سپاہی انوش رفون، سپاہی محمد اعظم خان اور سپاہی ہارون شامل صدر اور وزیر اعظم کا دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے کردارکی تعریف کی اور دہشتگردی کے جڑ سے خاتمے کے عزم کا اظہار

جمعہ 21 جون 2024 22:15

راولپنڈی /کرم /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2024ء) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے بارودی سرنگ سے ٹکراد گی جس کے نتیجے میں 5 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق کرم کے علاقے صدہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ دھماکے کے نتیجے میں 5 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں حوالدار عقیل احمد، لانس نائیک محمد طفیر، سپاہی انوش رفون، سپاہی محمد اعظم خان اور سپاہی ہارون شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور گھنانے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادرسپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

دوسری جانب صدرمملکت آصف زرداری نے ضلع کرم میں حملے کی مذمت کی اور شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔صدرمملکت نے شہدا کے جذبہ حب الوطنی اور فرض شناسی کو سراہا۔آصف زرداری نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے کردارکی تعریف کی اور دہشتگردی کے جڑ سے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت، اور صبرجمیل کی دعا کی۔

دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع کرم میں آئی اے ڈی دھماکے میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے ۔وزیراعظم نے دہشت گردی کی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ۔وزیراعظم نے شہدا کی بلندی درجات کی دعاء کی ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے،دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں