سوات ،سانحہ مدین کے قتل ،جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ملزمان کیخلاف پولیس کاکریک ڈاؤن ،ایف آئی آر میں نامزد 22 ملزمان گرفتار

اتوار 23 جون 2024 19:15

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2024ء) سوات میں سانحہ مدین کے قتل اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ملزمان کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے اور ایف آئی آر میں نامزد 22 ملزمان کوگرفتارکرلیا گیا ہے۔ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ اور ایس پی انوسٹی گیشن سوات بادشاہ حضرت خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سوات پولیس نے مدین سانحے کی دو الگ الگ ایف آئی آرز درج کرلی ہیں اور دونوں ایف آئی آرز ریاست کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔

ایک ایف آئی آر مقتول ملزم محمد سلیمان ولدقمرعزیز سکنہ سیالکوٹ کے خلاف درج کی گئی ہے جس میںتوہین قرآن کی دفعہ295(بی) اندراج کیا گیا ہے جبکہ دوسری ایف آئی آر مشتعل ہجوم کے خلاف درج کی گئی ہے اور اس میں قتل ،اقدام قتل ،سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے ، کار سرکارمیں مداخلت اور انسداددہشت گردی کی دفعات شامل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ان کی سربراہی میں قائم ہونے والی جے آئی ٹی میں محمد حلیم خان ڈی ایس پی انوسٹی گیشن اپر سوات، سید زمان شاہ ایس ڈی پی او مدین،تفتیشی آفیسر انسپکٹر محمد کرم، اسلام الحق ایس ایچ او تھانہ مدین، اے ایس آئی گوہر خان (انچارج آئی ٹی انوسٹی گیشن سوات) سمیت سی ٹی ڈی، سپشل برانچ اور آئی بی کے نمائندے شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جے آئی ٹی نے باقاعدہ طور پر جدید سائنسی اور تکنیکی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے شواہد اکھٹے کئے ہیں، جس کے تحت رات سے نامزد ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے اور 22 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ واقعہ میں دیگر ملزمان کی نشاندہی جاری ہے اور اس حوالے سے ویڈیوز سے مدد لی جارہی ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ ملزم کے رہائشی کمرے سے کافی سارا مواد حاصل کرلیا گیا اور اس حوالے سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں