ٹنڈو محمد خان: گٹر نالوں کی صفائی کے دوران میونسپل کمیٹی کے تین سنیٹری ورکرز اپنی جان کی بازی ہار گئے

منگل 11 جون 2024 16:39

ٹنڈو محمد خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2024ء) ٹنڈو محمد خان کے علاقے اناج منڈی کے قریب ممکنہ برساتوں کے پیشے نظر شہر بھر کے گٹر نالوں کی صفائی کے دوران میونسپل کمیٹی کے تین سنیٹری ورکرز اپنی جان کی بازی ہار گئے ۔ تینوں سینٹری ورکرز معمول کے مطابق اناج منڈی کے قریب اپنا کام سرانجام دینے میں مصروف تھے ۔ جس دوران ایک سینٹری ورکر یونس، گٹر کے مین ہول میں صفائی کے لئے داخل ہوا اور واپس نہیں آیا جس کو بچانے کے لئے دوسرا ورکر چمن اور پھر تیسرا سینٹری ورکر یاسین گوگا گٹر میں داخل ہوا لیکن کئی دیر گزرنے پر تینوں کے واپس نہ آنے پر وہاں پر موجود لوگوں نے شور مچانا شروع کر دیا اور لوگوں نے بڑی جدوجہد کے بعد تینوں سینٹری ورکرز کو گٹر سے باہر نکال کر پولیس کی مدد سے سول اسپتال ٹنڈو محمد خان منتقل کیا جہاں پر ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں نے ان تینوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ورثا کی جانب تینوں سینٹری ورکرز کی نعشوں کو سجاول چوک گرڈ اسٹیشن پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور دھرنا دے کر حیدرآباد بدین روڈ بلاک کردی جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔

(جاری ہے)

مظاہرین کی جانب سے انتظامیہ کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی اس موقع پر میونسپل کمیٹی ٹنڈو محمد خان کے چیئرمین سید شاہ نواز شاہ اور وائیس چئیرمین عبدالکریم شیخ نے ڈی ایس پی ٹنڈو محمد خان سید مجاہد شاہ کے ہمراہ احتجاجی دھرنے میں پہنچ کر مظاہرین کو کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے چیف سینٹری انسپکٹر محسن چانڈیو کو غفلت برتنے پر معطل کردیا گیا جس کے بعد احتجاجی دھرنا ختم کر دیا گیا

ٹنڈو محمد خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں