29جون2024ء !فلم اور ٹیلیویژن کے نامور اداکار شکیل کو جہان فانی سے رخصت ہوئے ایک برس بیت گیا

جمعہ 28 جون 2024 20:01

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2024ء) 29جون2024ء !فلم اور ٹیلیویژن کے نامور اداکار شکیل کو جہان فانی سے رخصت ہوئے ایک برس بیت گیا۔ بھوپال میں 1938 میں پیدا ہونے والے شکیل 1952 میں اپنے خاندان کے ساتھ پاکستان منتقل ہوئے، جہاں انہوں نے بڑے پردے پر اپنے کیریئر کا آغاز 1966 کی فلم ’ہونہار‘ سے کیا جس میں انہیں پاکستانی فلم انڈسٹری کے اس وقت کے بڑے نام وحید مراد کے ساتھ سکرین شیئر کرنے کا موقع ملا۔

مرحوم اداکار کا اصلی نام کمال یوسف تھا، جسے انہوں نے شوبز کی دنیا میں آنے کے بعد بدل کر شکیل کر دیا تھا اور اس نام نے پاکستان کے اندر اور باہر بے تحاشہ شہرت پائی۔ اداکار شکیل ٹیلیویژن کے ورسٹائل اداکار سمجھے جاتے تھے اور شعبہ اداکاری میں ایک منفرد مقام رکھتے تھے۔

(جاری ہے)

اداکار شکیل نے چار درجن سے زیادہ ٹیلیویژن کے ڈرامہ سیریلز میں کام کیا، جن میں ’انکل عرفی (1972)، ان کہی (1982) اور آنگن ٹیڑھا (1984) جیسے ڈراموں نے انتہائی شہرت و مقبولیت حاصل کی۔

اداکار شکیل نے 1988 میں قائد اعظم محمد علی جناح کی زندگی پر بننے والی جمال دہلوی کی فلم ’جناح‘ میں اداکار کرسٹوفر لی کے ساتھ کام کرتے ہوئے پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کا کردار ادا کیا تھا۔اس کے علاوہ اداکار شکیل نے زندگی، داستان، چاہت، پاپی سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اداکار شکیل کو ان کی بہترین اداکاری پر 1992 میں صدراتی پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ دیا گیا۔ اداکار شکیل 29جون2023ء کو 85برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
وقت اشاعت : 28/06/2024 - 20:01:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :