کبڈی آج بھی پنجاب کا مقبول ترین کھیل ہے جس کے ذریعے نوجوانوں میں مسابقت کا جذبہ پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ دیہی ثقافت کو بھی پروان چڑھایا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر سجاد ارشد

جمعہ 21 جون 2024 18:29

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2024ء) کبڈی آج بھی پنجاب کا مقبول ترین کھیل ہے جس کے ذریعے نوجوانوں میں مسابقت کا جذبہ پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ دیہی ثقافت کو بھی پروان چڑھایا جا سکتا ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے چیمبر کی سپورٹس بارے قائمہ کمیٹی کے زیر اہتمام کبڈی آفیشلز کیلئے دوروزہ ٹیکنیکل کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ کبڈی شہ زوروں کا کھیل ہے ۔ موبائل اور انٹر نیٹ کے اس دور میں بھی کبڈی دوسرے کھیلوں سے کہیں زیادہ ہجوم جمع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مگر حکومتوں کی عدم سرپرستی کی وجہ سے یہ کھیل زوال پذیر ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی کاوشوں کو سراہا جس نے اس کھیل کو مقامی ، علاقائی اور بین الاقوامی طور پر زندہ رکھنے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس کھیل کو پروان چڑھانے کیلئے کبڈی آفیشلز کا کردار مسلمہ حقیقت ہے اور ان کیلئے ریفرشر کورس کے انعقاد سے اس کھیل کو سائنسی بنیادوں پر آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کبڈی کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی پر بھی زور دیا اور کہا کہ انہیں سرکاری اداروں میں زیادہ سے زیادہ ملازمتیں دینے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر ہر سطح پر اپنا کردار اد اکرے گا۔

اس موقع پر پروفیسر غلام محمد چھٹہ نے اخلاقیات اور انصاف ، مزمل حسین نے ریسکیو آف پلیئرز، عبدالحکیم نے کبڈی کی تاریخ اور سید محمد طیب گیلانی نے کبڈی کے کھیل کے مروجہ قوانین بارے لیکچر دیا۔ اس ریفرشر کورس میں پنجاب بھر سے کبڈی آفیشلز نے شرکت کی۔ کورس میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر رانا سکندر اعظم خاں، ایگزیکٹو ممبر شفیق حسین شاہ، قائمہ کمیٹی کے کنونیئر شبیر سندھو اور تنویر تارڑ ایڈووکیٹ نے بھی شرکت کی اور کبڈی کے کھیل کے فروغ کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

رانا سکندر اعظم خاں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی ممبر شپ کی افادیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ صنعت و تجارت سے وابستہ ہر شخص کو چیمبر کی ممبر شپ لینی چاہیے۔
وقت اشاعت : 21/06/2024 - 18:29:56