آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں آسٹریلیا کوافغانستان کے ہاتھوں شکست

اتوار 23 جون 2024 10:40

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں آسٹریلیا کوافغانستان کے ہاتھوں شکست
کنگز ٹاؤن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2024ء) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو 21 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی ۔ افغانستان کی یہ آسٹریلیا کے خلاف پہلی کامیابی ہے ، رحمان اللہ گرباز کی نصف سنچری کی بدولت افغان ٹیم نے کینگروز کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

گلبدین نائب نے 20 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کر کے افغانستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ، انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ پیٹ کمنز کی ہیٹ ٹرک رائیگاں گئی ، گزشتہ روز کنگز ٹاؤن میں کھیلے گئے گروپ ون اہم میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے ۔

(جاری ہے)

اوپنرز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے ٹیم کو 118 رنز شاندار آغاز فراہم کیا ، رحمان اللہ گرباز نے 49 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 60 رنز اسکور کیے جبکہ ابراہیم زدران نے 48 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز داغے ، آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 3 وکٹیں لے کر رواں ٹی 20 ورلڈ کپ میں لگاتار دوسری ہیٹ ٹرک کا اعزاز اپنے نام کیا ۔

اس طرح وہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں لگاتار دو ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے پہلے باؤلر بن گئے ہیں ۔ آسٹریلیا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 127 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، گلین میکسویل نے 41 گیندوں پر 59 رنز بنائے ، ان کے علاؤہ کوئی بھی آسٹریلوی بیٹر افغان بائولرز کو اعتماد کے ساتھ نہ کھیل سکا اور وقفے وقفے سے آئوٹ ہوتے رہے۔

ترواس ہیڈ صفر ، ڈیوڈ وارنر 3 ، مچل مارش 12 ، مارکس اسٹوئنس 11 ، ٹم ڈیوڈ 2 ، میتھیو ویڈ 5 ، پیٹ کمنز 3 ، ایشٹن ایگر 2 اور ایڈم زامپا 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، افغانستان کی طرف سے گلبدین نائب نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 20 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں ۔ نوین الحق نے تین جبکہ عظمت اللہ ، راشد خان اور محمد نبی نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ۔
وقت اشاعت : 23/06/2024 - 10:40:07