یورپین چیمپئن شپ، سپین نے سخت مقابلے کے بعد البانیہ کو 0-1 سے ہرا دیا

منگل 25 جون 2024 12:04

برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2024ء) سپین نے سخت مقابلے کے بعد البانیہ کو یورپین فٹ بال چیمپئن شپ کے گروپ بی کے میچ میں شکست دے دی جبکہ کروشیا اور اٹلی کی ٹیموں کے درمیان اسی گروپ کا دوسرا میچ 1-1گول سے برابر رہا۔ یوئیفا کے زیر اہتمام یورپین چیمپئن شپ کے دلچسپ مقابلے جرمنی میں جاری ہیں، جس میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

مرکر سپیل ایرینا، ڈسلڈورف میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں سپین نے البانیہ کی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد 0-1 گول سے ہرا دیا ۔ فاتح ٹیم کی جانب سےواحد گول میچ کے آغاز کے بعد 13ویں منٹ پر فیران ٹوریس گارسیا نے سکور کر کے اپنی ٹیم کو البانیہ کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلائی میچ کے پہلے ہاف پر سپین کو البانیہ کے خلاف 0-1 گول کی برتری حاصل تھی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

(جاری ہے)

سپین کی اپنے گروپ میں یہ مسلسل تیسری فتح ہے۔ ریڈ بل ایرینا، لیپزگ میں کھیلے گئے گروپ بی کے ایک اور میچ میں اٹلی اور کروشیا کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں ،یہ میچ 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوگیا ۔ میچ کے پہلے ہاف پر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا تاہم کروشیا کی جانب سے لوکا موڈریک نے پہلا گول میچ کے 55 ویں منٹ میں سکور کیااور اپنی ٹیم کو اٹلی کے خلاف 0-1 کی برتری دلادی۔ اٹلی کی جانب سے میٹیا زکاگنی نے میچ کے اختتامی لمحات میں 90 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔ \932
وقت اشاعت : 25/06/2024 - 12:04:40

متعلقہ عنوان :