پی سی بی زون چھ انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ، پاکستان کرکٹ کلب نے عالمگیر جیم خانہ کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی

بدھ 26 جون 2024 20:04

پی سی بی زون چھ انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ، پاکستان کرکٹ کلب نے عالمگیر جیم خانہ کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2024ء) پاکستان کرکٹ کلب نے عالمگیر جمخانہ کو 6وکٹوں سے شکست دے کر پی سی بی زون چھ انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا۔ فائنل میچ میں ٹیسٹ اور انٹر نیشنل کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم جس میں سابق کپتان ٹیسٹ کرکٹر سرفراز احمد، سعود شکیل، انور علی، صائم ایوب ، عمیر بن یوسف اور دیگر انٹر نیشنل کھلاڑی کھیل رہے تھے، نے عالمگیر جیم خانہ کو 6وکٹوں سے شکست دے کر پی سی بی زون چھ انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

عالمگیر جیم خانہ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.4اوورز میں 69رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ محمد عثمان رحیم نے 17 اور عاشق علی نے 16رنز بنائے۔ فراز احمد خان نے 15 رنز دیکر 3 ، رضا الحسن نے 15رنز دے کر 3 جبکہ ٹیسٹ کرکٹر انور علی اور انٹر نیشنل کرکٹر صائم ایوب نے 18،18 رنز دیکر 2-2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

جواب میں پاکستان کرکٹ کلب نے 4وکٹوں کے نقصان پر 16.4اوور میں مطلوبہ 70رنز بنا لئے۔

ٹیسٹ کرکٹر سعود شکیل نے 35اور عمیر بن یوسف نے 13رنز بنائے۔ عاشق علی نے 9 ا ور محمد حسنین نے 19 رنز دے کر 2-2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ کھیل کے اختتام پر مہمان خصوصی امتیاز علی ابڑو نے پاکستان کرکٹ کلب کے کپتان سر فراز احمد کو ونر ٹرافی اور صدر تقریب علی اسد نے رنر ٹرافی عالمگیر جیم خا نہ کے کپتان محمد حسن کو پیش کی۔ تقریب میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ امتیاز علی ابڑونے مہمان خصوصی کی حیثیت خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے فروغ کے لئے ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی(آر سی اے) کے سا تھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے، کرکٹ ایک جنون ہے جس کو ہر پاکستانی بڑے شوق سے دیکھتااور کھیلتا ہے۔

صدر تقریب ڈائریکٹر ایس بی سی اے ڈسٹرکٹ ایسٹ علی اسد نے شاندار ٹورنامنٹ کرانے پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور کرکٹ کے فروغ کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی آر سی اے خا لد نفیس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم ندیم عمر کی قیادت میں کے کرکٹ کے فروغ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ تقریب میں آرسی اے کے کوآرڈینیٹر اعظم خان، جوائنٹ سیکرٹری محمد توصیف صدیقی ، اسسٹنٹ سیکرٹری محمد احمد نقوی ،زون چار کے صدر مسرت رضا، زون چھ کے صدر ضیا احمد صدیقی، زون سات کے صدر مظہر علی اعوان،ظفر احمد، زون ایک کے سیکرٹری عارف وحید ،خازن محمد طارق حفیظ، زون چارکے خازن نوشاد احمد، زون چھ کے خازن رئیس الدین ، محمد افضل شیری، زیب اقبال ،محمد حسن اور دیگر نے شرکت کی۔

وقت اشاعت : 26/06/2024 - 20:04:57