بین الصوبائی نیٹ بال چیمپئن شپ کل اسلام آباد میں کھیلی جائے گی

بدھ 26 جون 2024 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2024ء) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام بین الصوبائی نیٹ بال چیمپئن شپ کل (بدھ کو) لیاقت جمنازیم اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔چیمپئن شپ میں پنجاب کی ٹیم مردوں کے ایونٹ جبکہ سندھ کی ٹیم خواتین کے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین مدثر آرائیں نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور چیمپئن شپ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کی سات،سات ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پنجاب، بلوچستان، سندھ، خیبر پختو نخوا، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں شامل ہیں اور چیمپئن شپ ناک آئوٹ سسٹم پر پی این ایف قوانین کے تحت کھیلی جائے گی۔

مردوں کے ایونٹ میں کے پہلے رائونڈ میں خیبرپختونخوا کا مقابلہ گلگت بلتستان سے ہوگا، دوسرے میچ میں بلوچستان اور آزاد جموں کشمیر کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور تیسرا میچ اسلام آباد اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

پنجاب کی ٹیم کو بائی دی گئی ہے۔خواتین کے مقابلوں کے پہلے رائونڈ میں آزاد جموں و کشمیر اور خیبرپختو نخوا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، دوسرا میچ بلوچستان اور گلگت بلتستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ تیسرے میچ میں اسلام آباد اور پنجاب کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ دفاعی سندھ کی ٹیم کو بائی مل گئی ہے۔چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 26/06/2024 - 22:45:50