آئی سی سی نے راشد خان کو سزا سنا دی

جنوبی افریقہ کیخلاف سیمی فائنل سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے افغانستان کے کپتان کیخلاف ایکشن لے لیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 27 جون 2024 00:36

آئی سی سی نے راشد خان کو سزا سنا دی
بارباڈوس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2024ء) آئی سی سی نے راشد خان کو سزا سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے سلسلے میں جنوبی افریقہ کیخلاف سیمی فائنل سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے افغانستان کے کپتان کیخلاف ایکشن لے لیا۔ آئی سی سی نے افغانستان کے کپتان راشد خان کو بنگلادیش کیخلاف سپر ایٹ راؤنڈ کے میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دے دیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ راشد خان نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی کی جس پر انہیں سرزنش کے ساتھ ساتھ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا ہے۔ راشد خان آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.9 کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے جس کا تعلق کسی کھلاڑی کے پاس یا اس کے قریب نامناسب یا خطرناک انداز میں گیند یا کرکٹ کا کوئی سامان پھینکنے سے ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بنگلادیش کیخلاف میچ میں راشد خان نے اختتامی اوورز میں اپنی جارحانہ اننگ کی بدولت افغانستان کو قابل دفاع ہدف تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ افغانستان کی اننگز کے آخری اوورز میں راشد خان اسٹرائیک پر رہ کر زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کیلئے کوشاں تھے تاہم جب ان کی ایک شاٹ پر ڈبل رن کی کال کے باوجود وکٹ پر موجود ان کے بیٹنگ پارٹنر کریم جنت نے دوسرا رن لینے سے انکار کردیا تو اس پر راشد خان نے غصے میں اپنا بیٹ ان کی طرف زمین پر پھینک دیا تھا۔
وقت اشاعت : 27/06/2024 - 00:36:57